صدر براک اوباما نے ہلری کلنٹن کی حمایت کا اعلان کیا ہے، جس سے دو ہی روز قبل اُن کی سابقہ وزیر خارجہ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔
اوباما نے کلنٹن کی انتخابی مہم کی ویب سائٹ پر شائع ایک وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’’دیکھو۔ مجھے پتا ہے کہ یہ کام کتنا مشکل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہلری نے اِس میں کمال کا درجہ حاصل کر لیا ہے‘‘۔
ہلری کے نام کی توثیق ایسے
میں سامنے آئی ہے جب کچھ ہی دیر قبل اوباما نے ڈیموکریٹک پارٹی کے چیلنجر، ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز سے ملاقات کی۔
وائٹ ہاؤس کی ملاقات کے بعد، سینڈرز نے اشارہ دیا تھا کہ وہ نامزدگی کی دوڑ میں رہیں گے، کم از کم تب تک جب اگلے ہفتے ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں آخری پرائمری الیکشن نہیں ہو جاتے۔
سینڈرز نے یہ بھی کہا کہ آئندہ دِنوں کے دوران وہ کلنٹن سے ملیں گے، اور نومبر کے عام انتخابات میں ری پبلیکن پارٹی کے متوقع امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کو شکست دینے کے لیے کام کرنے کا عہد کیا۔